اسم اعظم کے متعلق روایات ،حدیث اور بزرگان دین کے اقوال
گزشتہ دعائے یونس کے متعلق کافی تفصیل سے روایات ، حدیث اور اقوالِ بزرگان دین کو مختصراََ مگر جامع انداز میں پیش کر چکے ہیں ۔ یہ موضوع ایسا ہے کہ اس پر جس قدر تفصیل سے لکھا جائے کم ہے گزشتہ بھی آیہ کریمہ کے پڑھنے کی خاص ترتیب لکھی تھی اور اس ماہ بھی چند مزید طریقوں سے آپ کو روشناس کروا رہے ہیں ۔ جو حضرات فیضیاب ہوں ان سے میری التجا ہے کہ وہ میرے حق میں دعائے خیر کریں کہ یہ میرا حق ہے اور آپ کا فرض بھی ۔
علمائے کرام و صوفیائے کرام نے اس آیت کریمہ کے پڑھنے کی خاص ترکیب بتلادی ہے بعض نے دو بیان کی ہیں اور بعض نے تین ۔
جیسا کہ مولٰنا شاہ عبدالعزیز صاحب فرماتے ہیں کہ اس کے پڑھنے کے دو طریقے ہیں
نمبر ایک ۔ چند لوگ جمع ہوجائیں اور ایک ہی نشست میں ایک لاکھ پچیس ہزار مرتبہ مل کر پڑھ لیں ۔
دوسری ترکیب کچھ یوں ہے کہ ایک ہی شخص تن تنہا نماز عشاء کے بعد کسی تاریک مکان میں بیٹھ کر تین سو بار پڑھے اور ایک پیالہ پانی کا بھر کر اپنے پاس رکھ لے اور لمحہ بہ لمحہ اس پانی میں اپنا ہاتھ ڈال کر اپنے منہ اور بدن پر پھیرتا رہے تین روز یا چالیس روز تک روزانہ اسی ترتیب سے پڑھے ۔انشاء اللہ قضائے حاجات کے لئے تیر بہدف نسخہ ثابت ہوگابعض علماء نے اس آیت کریمہ کی تین ترکیبیں بیان کی ہیں چنانچہ مولانا ابراہیم صاحب نے بھی احسن المواعظ میں تین ہی ترکیبیں درج کی ہیں ۔
پہلی ترکیب : جو ترکیب عمل آیت کریمہ کی بزرگوں سے سینہ بہ سینہ پہنچی ہے وہ یہ ہے کہ آیت کریمہ کو ایک لاکھ پچیس ہزار مرتبہ ایک جلسہ میں ختم کرے سات یا گیارہ یا اکیس آدمی مل کر پڑھیں ۔ اول ہر شخص غسل کرے ، پھر نماز توبہ ادا کرے ہر روز کلام و سلام ابتدائے گصل سے لیکر آیت کریمہ کے ختم تک موقوف رکھے ۔ جہاں تک ممکن ہو ۔
روبقبلہ ہو کر پڑھیں اگر درمیان میں کسی شخص کو حاجت ضروریہ پیش آئے تو نہایت خاموشی سے اٹھ کر جائے اور خاموشی ہی کی حالت میں فارغ ہو کر وضو کر کے ختم میں شامل ہوجائے اگر ختم کرنے والے غسل کے بعد احرام باندھ لیا کریں تو بہت بہتر ہے تین روز تک برابر ختم پڑھا جائے ۔ انشاء اللہ مراد بہت جلد حاصل ہوگی ۔
دوسری ترکیب :۔
سات دن روزے رکھیں لقمہ حلال پر روزہ افطار کریں عشاء کی نماز کے بعد نہایت اندھیرے مکان میں احرام باندھ کر بیٹھے ایک پیالہ پانی کا پاس رکھے اول اکیس مرتبہ یہ درود پڑھے ۔
اللھمَّ صل علی سیدنا محمد و علی آلِ سیدنا محمد وَّ بَارِکۡ وسَلِّمۡ۔
پھر لا الہ الا انت سبحانک انی کنت من الظلمین
نہایت آہستہ آہستہ تسبیح پڑھے جب تسبیح پوری ہوجائے تو تین مرتبہ یہ کہے
“اَللّٰھُمَّ صَلِّ وَسَلِّمۡ عَلیٰ ذِی النُّوۡن”۔
پھر داہنا ہاتھ اس پانی میں ڈالے جو پیالہ پاس رکھا ہوا ہے پھر وہ گیلا اور تر ہاتھ آنکھیں بند کرکے اپنے منہ پر پھیر لے ۔ اور یہ پڑھے
وَنَجَّیۡنَاہُ مِنَ الۡغَمِّ وَکَذٰلِکَ نُنۡجِیۡ الۡمُؤۡمِنِیۡنَ ۔
تین مرتبہ اسی طرح عمل کرے جو پہلی تسبیح کے بعد شروع کیا تھا اسی طرح سات تسبیح پڑھے مگر ہر ایک تسبیح کے ختم ہونے پر وہی عمل کرے جو پہلی تسبیح کے بعد کیا تھا پھر بعد ختم اکیس مرتبہ وہی درود شریف پڑھے جو اول میں پڑھا تھا متواتر سات دن تک یہی کرتا رہے انشاء اللہ بہت جلد مراد پوری ہوگی ۔
تیسری ترکیب : نزہت المجالص میں ابو عبداللہ مغربی سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ میں ایک بار خواب میں جناب رسول اکرم ﷺ کو دیکھا اور عرض کیا ۔ یا رسول اللہ ! ۔ اللہ تعالیٰ سے میری ایک حاجت ہے میں کس چیز کے ساتھ وسیلہ بناؤں ؟
حضور ﷺ نے ارشاد فرمایا جس کسی کو اللہ تعالیٰ سے کوئی حاجت ہو اسے چاہئے کہ دو رکعتیں پڑھے (دو رکعتوں کے ) ان چار سجدوں میں چالیس چالیس مرتبہ لا الہ الا انت سبحانک انی کنت من الظلمین پڑھے ۔
انشاء اللہ مراد ضرور برآئے گی ۔
میرا مشورہ ہے کہ اس عمل کو متواتر کم از کم تین سے سات یوم تک کیا جائے ۔
ریپلائی کیجیئے